سابق آڈیٹر جنرل کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق آڈیٹر جنرل کے خلاف پینشن کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان اختر بلند رانا کے خلاف پینشن کی عدم ادائیگی کے باعث توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔

سابق آڈیٹر جنرل کو عدالتی حکم کے تحت پینشن کی ادائیگی کا حکم دیا گیا تھا، تاہم عمل درآمد نہ ہونے پر عدالت نے سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کو طلب کیا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ سابق سرکاری ملازم کے واجبات جلد ادا کیے جائیں۔

جوائنٹ سیکرٹری فنانس ڈویژن نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا کیس سے کوئی تعلق نہیں، وہ صرف پالیسی گائیڈ لائن جاری کرتے ہیں۔ جس پر جسٹس نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ صرف سرکاری ملازم کی پینشن کا مسئلہ ہے اور واجبات جلد ادا کیے جائیں۔

جسٹس محسن نے کہا کہ وہ آڈیٹر جنرل کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی توہین عدالت کا اختیار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

دیگر متعلقہ خبریں