پاکستان میں فِن ٹیک کی تیز ترقی، ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن ادائیگیوں میں اضافہ؛ جنوبی ایشیا میں نمایاں پیش رفت۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میں فِن ٹیک کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور جنوبی ایشیا میں ڈیجیٹل بینکنگ اور آن لائن ادائیگیوں کے میدان میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ بھارت کے بعد پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال بھی جدید مالیاتی ٹیکنالوجی اپنانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش، جو دنیا کی بڑی ‘اَن بینکڈ’ آبادی رکھتے ہیں، ڈیجیٹل بینکنگ کی طرف تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ فوربس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جنوبی ایشیا کا ‘سوتا ہوا فِن ٹیک جائنٹ’ کہا جا رہا ہے۔
پاکستان میں فِن ٹیک اسٹارٹ اپس کی سرمایہ کاری 2019 میں 10.4 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2022 میں 150 ملین ڈالر ہو گئی تھی۔ تاہم 2023 میں عالمی معاشی دباؤ کے باعث سرمایہ کاری کم ہوئی۔
گزشتہ دو سالوں میں فنڈنگ میں بحالی دیکھی گئی ہے، 2024 میں سرمایہ کاری بڑھ کر 26.3 ملین ڈالر اور 2025 کے پہلے چھ ماہ میں 52.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ نومبر 2025 تک پاکستان کی 450 سے زائد فِن ٹیک کمپنیوں نے 391 ملین ڈالر کی وی سی فنڈنگ حاصل کی۔
ماہرین کے مطابق جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں کیونکہ یہاں صارفین کی ضرورت موجود ہے اور روایتی بینک مقابلے میں پیچھے ہیں۔













