آئی ایم ایف کے مطابق کرپشن نے پاکستان کی معیشت کو سنگین نقصان پہنچایا ہے، اسٹیٹ کیپچر کے تحت اشرافیہ کی مراعات معیشت سے اربوں ڈالر نکال رہی ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن نے ملکی معیشت کو سنگین نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ اسٹیٹ کیپچر ہے۔ یہاں عوامی پالیسی کو چند سیاسی و کاروباری اشرافیہ کے مفاد میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق کرپشن سے پاکستان کی معیشت کو مستقل نقصان پہنچ رہا ہے، جس سے مارکیٹیں متاثر ہوتی ہیں، عوام کا اعتماد ختم ہوتا ہے اور مالی استحکام کمزور ہوتا ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر بااختیار طبقے کے خصوصی مراعات ختم نہ کی گئیں تو اقتصادی سست روی جاری رہے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشرافیہ کی مبینہ مراعات ہر سال معیشت سے اربوں ڈالر نکال دیتی ہیں، جو ٹیکس چوری اور ریگولیٹری کیپچر کے ذریعے حقیقی نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو روکتی ہیں۔
آئی ایم ایف کے تجزیے کے مطابق اگر گورننس اصلاحات کا پیکیج نافذ کیا جائے تو جی ڈی پی میں 5 سے 6 فیصد اضافہ ممکن ہے۔ پاکستان کا جی ڈی پی 2024 میں 340 ارب ڈالر تھا۔
رپورٹ نے زور دیا ہے کہ گورننس میں بہتری اور جوابدہی کو مضبوط کرنے سے پاکستان کو نمایاں اقتصادی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔













