پاک فوج اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کی مشترکہ مشق واریئر IX کا آغاز پبی میں ہوا، انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون اور تجربات کا تبادلہ مقصد ہے۔
پبی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی مشترکہ فوجی مشق واریئر IX کا آغاز ہو گیا۔ انسداد دہشتگردی کے شعبے میں یہ مشق یکم دسمبر 2025 کو شروع ہوئی۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں ہوئی اس مشق کی افتتاحی تقریب میں منگلا کور کے کمانڈر، پی ایل اے ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اور پاکستان و چین کے دیگر سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔
شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ مشق کا مقصد باہمی تعاون میں اضافہ اور پیشہ ورانہ مہارتوں میں بہتری حاصل کرنا ہے۔ اس مشق کے ذریعے جدید جنگی تقاضوں سے متعلق بہترین تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا۔
یہ مشق دونوں ممالک کے درمیان سالانہ بنیادوں پر ہونے والی انسداد دہشتگردی مشقوں کا نواں سلسلہ ہے اور واریئر IX دونوں ممالک کے مضبوط عسکری روابط کا عملی مظہر ہے۔ یہ مشقیں خطے میں امن و استحکام اور سلامتی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی تجدید کرتی ہیں۔














