اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے دن جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج فیملی، وکلاء اور رہنماوں کی ملاقات کے دوران دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔ اڈیالہ روڈ پر تمام تعلیمی ادارے اور دکانیں بند کروا دی گئیں۔

پی ٹی آئی نے 6 وکلاء رہنماوں کی فہرست جیل حکام کو بھیجی ہے جس میں بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجا، بیرسٹر سلمان صفدر، علی زمان، سردار نبی، اور طلعت محمود شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی آج ملاقات کے لیے آئیں گی جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کی بھی آمد متوقع ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں 3 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت کسی بھی سیاسی یا مذہبی اجتماع پر پابندی ہے۔ اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور اضافی پانچ ناکے قائم کیے گئے ہیں۔

اڈیالہ جیل کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے جس میں 700 سے زائد پولیس اہلکار و افسران تعینات ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون سے امن و امان یقینی بنائیں گے۔

گورکھپور اور گردونواح میں موجود تمام نجی تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں جبکہ گورکھپور بازار کے تاجروں کو بھی آج بازار بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں