رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن عجلت میں جاری نہیں ہوگا، آئینی مراحل احتیاط سے طے کیے جائیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کا نیا ادارہ انتہائی اہم ہے اور اس کے نوٹیفکیشن کو عجلت میں جاری نہیں کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد اس عمل کو مکمل کرنے کے لیے وقت دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین، قوانین اور رولز کی ترتیب کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مراحل احتیاط سے طے کیے جائیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے وضاحت کی کہ آئینی ترمیم کے تحت سی ڈی ایف کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے دن سے اس کی مدت کا آغاز ہوگا، جو پانچ برس پر مشتمل ہوگی۔ انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ نواز شریف اس میں رکاوٹ ہیں۔
پی ٹی آئی کے حوالے سے رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی وفد اسپیکر سے ملاقات کے لیے آیا تھا اور انہیں کہا گیا کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد معاملہ ان کے سامنے رکھا جائے گا۔














