وزیر قانون نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا، وزیر دفاع نے قیاس آرائیوں کی تردید کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سرکاری عمل کا حصہ ہے اور اس میں کسی پریشانی کی ضرورت نہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون نے وضاحت کی کہ وزیر اعظم کی غیر موجودگی کے سبب تاخیر ہو رہی ہے، لیکن وزیر اعظم کی واپسی پر عمل مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت دفاع نے وزیر اعظم ہاؤس سے ہم آہنگی کے بعد ہی نوٹیفکیشن جاری کرنا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تعیناتی کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور وزیر اعظم کی وطن واپسی پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔














