سہیل آفریدی ضابطہ اخلاق کیس، الیکشن کمیشن نے جواب طلب کر لیا

الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے انتخابی ضابطہ اخلاق کیس میں دائرہ اختیار پر تحریری جواب طلب کرلیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں الیکشن کمیشن نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دائرہ اختیار پر تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سہیل آفریدی کی جانب سے دائرہ اختیار پر اٹھائے گئے اعتراضات کے بعد تحریری جواب طلب کرتے ہوئے باقاعدہ فیصلہ جاری کردیا۔ کیس کی گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو جواب داخل کرنے کی مہلت دی تھی، لیکن مقررہ مدت میں کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ دوسری طرف امیدوار شہرباز عمر ایوب کی جانب سے بھی کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کیس کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات اٹھائے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام قانونی اعتراضات تحریری جواب میں پیش کیے جا سکتے ہیں، اور کمیشن مناسب مرحلے پر ان اعتراضات پر فیصلہ کرے گا۔

مزید برآں، الیکشن کمیشن نے ڈی آراو ہری پور کو وزیراعلیٰ کے خلاف جاری کارروائی روکنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ کمیشن کے سامنے زیر سماعت معاملے میں کسی متوازی کارروائی یا تنازع سے بچا جا سکے۔ فیصلے کے متن کے مطابق کیس کے تمام پہلوؤں کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا اور وزیراعلیٰ کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جائزہ تحریری جواب موصول ہونے کے بعد ہی لیا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں