پنجاب حکومت نے مقامی آرٹیفیشل انٹیلی جنس پلیٹ فارم کی منظوری دے دی، جو ڈیجیٹل گورننس میں اہم کردار ادا کرے گا۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پنجاب حکومت نے مقامی آرٹیفیشل انٹیلی جنس پلیٹ فارم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیجیٹل گورننس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو فروغ دینے کے لیے گورنمنٹ جی پی یو کلاؤڈ منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت سرکاری نظام کو جدید بنایا جائے گا اور مقامی سطح پر اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی میں مدد ملے گی۔ پہلی بار حکومت پنجاب مقامی اے آئی پلیٹ فارم قائم کرے گی، جو بڑے لینگویج ماڈلز کو ہوسٹ اور ٹرین کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔
اردو اور دیگر مقامی زبانوں کی سپورٹ بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگی۔ سرکاری اداروں اور جامعات کو محفوظ اے آئی سینڈ باکس فراہم کیا جائے گا۔ وائس انٹرفیس اور ذہین سرچ سسٹمز کے ابتدائی تجربات کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔
حساس ڈیٹا کو غیر ملکی کلاؤڈ پر منتقل کرنا خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ جدید جی پی یو انفراسٹرکچر کی کمی منصوبے کے نفاذ میں رکاوٹ تھی۔ پنجاب حکومت 13 کروڑ شہریوں کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت 50 سے زائد شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہے اور سرکاری شعبے میں 10 لاکھ سے زائد افراد ملازم ہیں۔















