صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر قطر میں عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔
دوحہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں۔ حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سینئر قطری حکام اور دوحہ میں پاکستان کے سفیر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا گیا۔ صدر زرداری عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
صدر زرداری اپنے کلیدی خطاب میں عالمی برادری کو سماجی ترقی اور جامع معاشی نمو کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ وہ سماجی تحفظ، غربت میں کمی اور کمزور طبقات کی بہتری میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔
صدر مملکت دوحہ الائنس، سوشل پروٹیکشن اینڈ جابز کمپیکٹ کے آغاز کے لئے پاکستان کے اقدامات اور عالمی ترقیاتی وعدوں سے ہم آہنگ منصوبوں پر بات کریں گے۔ وہ سماجی و ماحولیاتی تبدیلیوں کے لئے مالی وسائل کے حصول، ایس ڈی جی اسٹمولیس اور دیگر عالمی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیں گے۔
صدر آصف علی زرداری اپنے دورے کے دوران مختلف عالمی و علاقائی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔













