الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا، پولنگ 28 دسمبر کو ہوگی، کاغذات نامزدگی 13 سے 17 نومبر تک جمع ہوں گے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پولنگ 28 دسمبر بروز اتوار کو ہوگی جبکہ کاغذات نامزدگی 13 سے 17 نومبر تک جمع کروائے جا سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 18 نومبر کو شائع کی جائے گی اور ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر تک ہوگی۔ ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی آخری تاریخ 28 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اپیلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں کے فیصلے کی آخری تاریخ 3 دسمبر ہوگی جبکہ نظرثانی شدہ امیدواروں کی فہرست 4 دسمبر کو شائع کی جائے گی۔ امیدواروں کی دستبرداری کے بعد نظرثانی شدہ فہرست 5 دسمبر کو شائع کی جائے گی اور انتخابی نشانات 6 دسمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔













