سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال تشویشناک، حکومت آزادی صحافت کے لیے پرعزم ہے، صدر اور وزیراعظم کا بیان۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر کہا ہے کہ صحافت کی آزادی کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
صدر زرداری نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈس انفارمیشن جمہوری مکالمے کو متاثر کر رہی ہے اور صحافیوں کو ہراسانی کا سامنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئین کا آرٹیکل 19 آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے۔ آزاد میڈیا قوم کی مضبوطی کی علامت ہے اور احتساب کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض ایک باخبر معاشرے کی ضمانت ہیں۔ مستند خبروں کی بروقت اشاعت صحافت کی اساس ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے صحافیوں کے لیے باوقار ماحول کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ڈیجیٹل جدت کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے جبکہ جعلی خبروں کا پھیلاؤ قومی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔














