سندھ حکومت نے خواتین کے لیے الیکٹرک بائیکس کی تعداد بڑھانے کی منظوری دی ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سندھ نے ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے لیے الیکٹرک بائیکس کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جن میں صاف پانی اور نکاسی آب کے لیے 85.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں کے فور، حب، اسٹارم واٹر ڈرین اور KWSSIP-II جیسے اہم منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 293 واٹر، سینی ٹیشن اور میونسپل سروسز کی اسکیموں کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں اور رابطہ نظام کی بہتری پر کام جاری ہے، جس میں 620 روڈ منصوبے شامل ہیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کورنگی کاز وے برج، انڈر پاسز اور لیاری ٹرانسفارمیشن منصوبہ تکمیل کے قریب ہیں جبکہ 970 کلومیٹر سڑکوں کی بحالی بھی جاری ہے۔ سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے لیے فنڈز جاری ہوچکے ہیں اور 25 ارب روپے کے رینیوایبل انرجی اقدامات پر کام شروع ہوچکا ہے۔















