لاہور میں گرمی بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے، بجلی کی طلب بڑھنے سے سسٹم پر لوڈ بڑھ گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی لاہور میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے بجلی کے نظام پر لوڈ بھی بڑھ گیا ہے۔
شدید گرمی کے باعث صوبائی دارالحکومت میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 2 سے 3 اور دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے تک بجلی کی بندش کی جا رہی ہے۔ ٹرانسفارمر کی خرابیوں کی وجہ سے بھی کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے۔
شام 5 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کی اوسط طلب 3787 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3053 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس دورانیے میں شارٹ فال 682 میگاواٹ رہا۔
لیسکو کے ترجمان کے مطابق انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ کمرشل اور انڈسٹریل فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی، جبکہ شہری علاقوں میں 1 گھنٹہ 30 منٹ لوڈشیڈنگ ہوئی۔
واضح رہے کہ جیسے ہی بجلی کی سپلائی میں بہتری آئے گی، لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ مزید کم کر دیا جائے گا۔















