ایران نے حالیہ جنگ میں اسرائیلی ہرمیز 900 ڈرون کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فضائی دفاع نے متعدد ڈرونز کو مار گرایا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران نے حالیہ جنگ کے دوران اسرائیلی ہرمیز 900 ڈرون کو قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فضائی دفاع نے متعدد ڈرونز کو تباہ کیا، جن میں سے ایک تقریباً سالم حالت میں قبضے میں لے لیا گیا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق، حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ تنازع میں جدید جاسوس اور جنگی ڈرونز ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔ ان ڈرونز کو انٹیلیجنس جمع کرنے اور آپریشنل رہنمائی کے لیے استعمال کیا گیا، تاہم بیشتر کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔
حکام کے مطابق، ہرمیز 900 ایک جدید ملٹی رول جاسوس ڈرون ہے جو انٹیلیجنس، نگرانی اور جاسوسی (ISR) مشنز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی آپریشنل رینج ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے اور سیٹلائٹ لنک کے ذریعے مزید بڑھ سکتی ہے۔
ایران کے مطابق، جنگ کے دوران متعدد ڈرونز تباہ کیے گئے۔ ایک ہرمیز 900 ڈرون کو تقریباً سالم حالت میں قبضے میں لیا گیا، جس کے پرزے قابلِ استعمال ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے ہرمیز 900 ڈرونز جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہیں جو اسٹریٹجک انٹیلیجنس کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ ان کے قبضے میں آئے ڈرون سے اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔












