بھارت و اسرائیل سے درآمدی پابندی برقرار، وفاقی آئینی عدالت کا اہم فیصلہ

وفاقی آئینی عدالت نے بھارت و اسرائیل سے درآمدی پابندی برقرار رکھی، لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات منسوخ۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
وفاقی آئینی عدالت، بھارت و اسرائیل سے درآمدی پابندی برقرار

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے بھارت اور اسرائیل سے کتابوں سمیت دیگر اشیا کی درآمد پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے، جبکہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکومت کو دی گئی تمام ہدایات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ عدالت نے پڑھنے کو بنیادی انسانی حق قرار دیا مگر اس پر ملکی قوانین اور خارجہ پالیسی کی پابندیاں لاگو ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ تحریر کیا جبکہ جسٹس علی باقر نجفی کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔ وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو سوموٹو قرار دے کر ختم کیا، جس میں وفاقی حکومت کو نظرثانی کے لیے افسر مقرر کرنے کا کہا گیا تھا۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے معاملات ایگزیکٹو کے اختیار میں ہیں اور عدلیہ ان میں مداخلت نہیں کرسکتی۔ بیرونی ممالک سے تجارتی تعلقات رکھنا حکومت کا صوابدیدی اختیار ہے۔

فیصلے کے مطابق آرٹیکل 25 اے کے تحت مفت تعلیم کا حق اسکول اور کالج کی حد تک ہے۔ بھارت سے سستی کتابوں کی دستیابی کے باوجود خارجہ پالیسی کی وجہ سے ان پر پابندی رہے گی۔ نجی درخواست گزار حکومت سے شکایات کے حل کے لیے رجوع کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جسٹس علی باقر نجفی نے اضافی نوٹ میں کہا کہ پڑھنے کے ساتھ لکھنا بھی بنیادی حق ہے۔ انٹرنیٹ کے دور میں معلومات پر مکمل پابندی مشکل ہے، تاہم حب الوطنی اور قومی سلامتی بھی اہم ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں