وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پیک آورز میں گیس سے بجلی پیدا نہیں کرسکتے، جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش سے گیس کی فراہمی متاثر ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہمیشہ کے لیے اندھیروں سے نکال دیا گیا ہے، لیکن پیک آورز میں گیس سے بجلی پیدا نہیں کرسکتے۔ آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے گیس کی فراہمی متاثر ہے، تاہم پاکستان کی صورت حال دیگر ممالک کی نسبت بہتر ہے۔
وزیر توانائی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے حقائق عوام کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ پیک آورز میں لوڈشیڈنگ پر معذرت خواہ ہوں، جبکہ توانائی وسائل کی کمی اور خطے کی موجودہ صورت حال کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پاکستان کو اندھیروں سے نکالا ہے، لیکن موجودہ صورت حال توانائی کے شعبے میں مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کی حالت بہتر ہے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ پیک آورز میں گیس سے بجلی کی پیداوار ممکن نہیں، اور پن بجلی کی پیداوار کم ہونے سے 1676 میگاواٹ تک محدود ہو گئی ہے۔ اس شعبے میں 1530 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر توانائی نے کہا کہ اپریل کے پہلے 15 دنوں میں بجلی کی طلب 15 سے 20 ہزار میگاواٹ رہی، جبکہ درآمدی گیس کی بندش سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حالانکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔














