کراچی میں ای چالان نظام کے تحت پانچ دنوں میں 4136 چالان جاری کیے گئے، سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ہوئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں ای چالان نظام کے نفاذ کے بعد پانچویں روز 4136 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے، جس سے پانچ روز کے دوران مجموعی تعداد 22869 تک پہنچ گئی۔ کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق سب سے زیادہ 2737 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جاری کیے گئے۔
ہیلمٹ نہ پہننے پر 812، اوور اسپیڈنگ پر 116، سرخ بتی کا اشارہ توڑنے پر 169، اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر 157 چالان جاری ہوئے۔ مزید 56 چالان ٹنٹڈ گلاسز، 24 نو پارکنگ، 20 اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی، اور 20 مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر کیے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ رانگ وے پر 8، اور بے جا لوڈ اور اوور لوڈنگ پر 11 ای چالان جاری ہوئے، تاہم ٹیکس کی عدم ادائیگی اور فینسی نمبر پلیٹس پر کوئی چالان نہیں ہوا۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ ای چالان نظام شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور عوامی تعاون سے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔













