پاکستانیوں کے لیے آسٹریلیا کا ویزا حاصل کرنا آسان

آسٹریلیا نے پاکستانیوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کے عمل کو ایک ایپ کے ذریعے آسان بنا دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی شہریوں کے لیے آسٹریلین ہائی کمیشن نے ویزا سروس کو مزید آسان بنا دیا ہے۔ اب پاکستانی افراد گھر بیٹھے آسٹریلیا کا ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

ایک نئی ایپ کی مدد سے آسٹریلیا کا ویزا حاصل کرنے کا عمل پہلے سے زیادہ سہل ہو گیا ہے۔ یہ ایپ پاکستان میں متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے اہل افراد اپنے پاسپورٹ کی معلومات اور چہرے کی تصویر (بائیومیٹرکس) موبائل سے ہی بھیج سکتے ہیں۔ ان افراد کو بائیومیٹرک سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہے، شرط یہ ہے کہ انہوں نے پہلے اپنی بائیومیٹرکس آسٹریلین ادارے کو دی ہو اور ان کے پاس درست پاسپورٹ ہو۔

آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے کہا ہے کہ یہ ایپ پاکستانیوں کا وقت اور پیسہ بچاتی ہے۔ لوگ اپنے سفر، تعلیم یا کام کے لیے آسانی سے اپنی تفصیلات بھیج سکتے ہیں۔

یہ ایپ 2024 میں بنائی گئی تھی اور اب تک ایشیا اور بحرالکاہل کے ہزاروں افراد نے اس کے ذریعے تیزی سے ویزا پراسیس مکمل کیا ہے۔ اس وقت یہ ایپ 34 ممالک میں چل رہی ہے جن میں مشرق وسطیٰ، افریقا، لاطینی امریکا اور یورپ شامل ہیں۔

ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام اہل پاکستانیوں کو یہ ایپ استعمال کرنی چاہیے کیونکہ یہ آسٹریلیا کا ویزا حاصل کرنے کے عمل کو آسان اور محفوظ بناتی ہے۔ یہ کوشش دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ویزا کا عمل جدید اور آسان بنانے کے لیے کی جا رہی ہے۔ دنیا بھر میں اس ایپ کو مکمل طور پر چلانے کا پلان 2026 کے شروع میں مکمل ہو جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں