وزیراعظم شہباز شریف نے ایران جنگ کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا، پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی موجودہ صورتحال پر ایک اجلاس میں کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران جنگ کے اثرات کو کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ کے سبب پاکستان کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دو جہاز آبنائے ہرمز میں کھڑے تھے، جنہیں کامیابی سے وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے تین ہفتوں میں پی ایس ڈی پی میں 100 ارب کا کٹ لگایا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں بچت کے ذریعے عوام کو معاشی مشکلات سے بچا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کو قربانی دینی ہوگی اور مفلوک الحال طبقے پر توجہ دینا ہوگی۔
واضح رہے کہ ایران جنگ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان میں مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔















