وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے نفاذ کے لئے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف پہنچانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لئے مناسب مقدار دستیاب ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔















