وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں پیٹرول اور ڈیزل کا سٹاک تسلی بخش قرار دیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت توانائی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کا سٹاک تسلی بخش قرار دیا گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کی درآمدات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تیل کی سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے اور ریفائنریز معمول کے مطابق پیداوار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عالمی و مقامی قیمتوں کے فرق کا جائزہ لے رہی ہے۔
پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت پیشگی اقدامات کر رہی ہے اور دوست ممالک کے ساتھ تعاون جاری ہے۔ اجلاس میں توانائی سیکیورٹی اور مارکیٹ استحکام کو اولین ترجیح قرار دیا گیا۔














