وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کفایت شعاری اجلاس میں آرمی چیف کی شرکت، ملکی ذخائر اور کھپت پر بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس میں آرمی چیف سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی ذخائر، کھپت اور کارگوز پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔ آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے اشرافیہ سے ایثار اور قربانی کی مثال قائم کرنے کی اپیل کی۔
اجلاس کے اعلامیہ میں پیٹرول بچانے کے لیے کار پولنگ، اجتماعی نقل و حرکت اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی تجاویز دی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔













