بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا کہ پاکستان کو جہاں کہیں سے بھی خطرہ ہو، اسے ختم کرنا ہمارا حق ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جہاں کہیں سے بھی خطرہ ہو، اسے ختم کرنا ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات اس نہج پر پہنچنے چاہئیں کہ دہشت گردی ختم ہو جائے۔
اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قیدیوں کو ان کے پیاروں سے ملنے سے روکنا ایک مجرمانہ فعل ہے اور اس سے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ اگر صورت حال یہی رہی تو یہ ملک کے لیے المیہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج غیرذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتیں، اور افغانستان دہشت گردی، منشیات اور اسلحے کا مرکز بن چکا ہے۔ ہمیں ان تمام خطرات کو ختم کرنا ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی عوام دوست جماعت ہے اور ہم ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھائیں گے۔ ملک کی سالمیت اور بقا ہمارے لیے اہم ترین ہے۔















