پاکستان نے اسلام آباد کے قریب دو دشمن ڈرون مار گرائے، سول ایوی ایشن نے فضائی حدود بند ہونے کی خبروں کو رد کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے اسلام آباد کے علاقے فیض آباد کے نزدیک دو مشتبہ دشمن ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ان ڈرونز کو بروقت نشانہ بنا کر ممکنہ نقصان سے بچا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں ڈرون افغانستان کی سمت سے آنے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں افغانستان کی جانب سے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے اور ایک ویڈیو جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم حکام اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب حکام نے اسلام آباد کی فضائی حدود بند ہونے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ معمول کے مطابق فعال ہے اور تمام پروازیں بلا تعطل جاری ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری معلومات پر اعتماد کریں۔ واضح رہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث وفاقی دارالحکومت سمیت حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔













