وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے کفایتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں ایندھن کی بچت اور سرکاری اخراجات کم کرنے کیلئے متعدد کفایتی اقدامات کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ماہ کیلئے سرکاری محکموں کو فراہم کیے جانے والے تیل میں 50 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ تمام سرکاری محکموں کی 60 فیصد گاڑیاں عارضی طور پر بند رکھی جائیں گی۔ تاہم ایمبولینس اور عوامی ٹرانسپورٹ بسوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی وزرا، کابینہ ارکان، مشیر اور معاونین خصوصی 2 ماہ تک تنخواہ نہیں لیں گے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 25 فیصد کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ لینے والے سرکاری ملازمین کی 2 دن کی تنخواہ بھی کاٹی جائے گی جو عوامی ریلیف کیلئے استعمال ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں کے تنخواہوں کے علاوہ دیگر اخراجات میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔ سرکاری اداروں میں گاڑیوں، فرنیچر، ایئر کنڈیشنرز اور دیگر اشیا کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ وفاقی و صوبائی وزرا، مشیروں اور سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی ہوگی۔ وزیراعظم، گورنر اور وزرائے اعلیٰ پر بھی یہی پابندی لاگو ہوگی تاہم قومی مفاد میں ناگزیر دوروں کی اجازت ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایندھن کی بچت کیلئے سرکاری دفاتر ہفتے میں 4 دن کھلیں گے اور ایک اضافی چھٹی دی جائے گی، تاہم اس فیصلے کا اطلاق بینکوں پر نہیں ہوگا۔ سرکاری و نجی اداروں میں ضروری خدمات کے علاوہ 50 فیصد عملہ گھروں سے کام کرے گا جبکہ صنعت اور زراعت کے شعبوں پر ورک فرام ہوم کا اطلاق نہیں ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری عشائیوں اور افطار پارٹیوں پر مکمل پابندی ہوگی اور سرکاری سیمینارز و کانفرنسز ہوٹلوں کے بجائے سرکاری عمارتوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ اسی طرح اسکولوں کو رواں ہفتے کے آخر سے 2 ہفتوں کی تعطیلات دی جائیں گی جبکہ ہائر ایجوکیشن اداروں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور ذمہ داری کے احساس کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے اور رمضان المبارک ہمیں صبر، ایثار اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیتا ہے۔












