سابق سفیر ملیحہ لودھی نے پاکستان کو بورڈ آف پیس سے علیحدگی کی تجویز دی ہے، جس کی قیادت امریکی صدر ٹرمپ کر رہے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کی سابق سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بورڈ آف پیس سے علیحدگی اختیار کر لینی چاہیے۔ ملیحہ لودھی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو ابتدا ہی میں اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔
ملیحہ لودھی، جو امریکا، برطانیہ اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر رہ چکی ہیں، نے واضح کیا کہ یہ بورڈ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قائم کیا تھا اور وہی اس کی قیادت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایسے وقت میں اس بورڈ کی قیادت کر رہے ہیں جب ان کی حکومت مختلف ممالک کے خلاف فوجی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں کی حمایت کر رہی ہے، جس پر دنیا بھر میں تنقید ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں پاکستان کو اس فورم کا حصہ نہیں رہنا چاہیے۔















