ایم کیو ایم کا نئے صوبے کا مطالبہ، مرتضیٰ وہاب کا ردعمل، سندھ حکومت کی وضاحت
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے نئے صوبے کے مطالبے اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کے لیے عوامی رابطہ مہم چلانے کے اعلان پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بیان میں کہا کہ گورنر سندھ کو سیاسی باتوں کا اختیار نہیں ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما کراچی، سکھر اور اسلام آباد میں مختلف بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پنجاب کا بلدیاتی نظام سندھ میں نافذ کیا جائے، اور کیا ایم کیو ایم اس کی حامی ہے؟
دوسری جانب سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم کو بلدیاتی نظام کو نشانہ بنانے کے بجائے اس کی مضبوطی پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق سندھ کا بلدیاتی نظام پورے پاکستان میں سب سے زیادہ بااختیار اور آئینی طور پر مضبوط ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ اگر ایوان اور عدالتیں انصاف فراہم نہیں کریں گی تو سڑکوں پر جائیں گے اور عوام سے رابطہ کریں گے۔














