وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بیرونی جارحیت کی صورت میں دفاع کا عزم ظاہر کیا اور قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی ملک کی جارحیت کی صورت میں بغیر خوف کے دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ یہ ہر پاکستانی کا قومی فریضہ ہے کہ وہ ملک اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا رہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اندرونی اختلافات اور پالیسیوں پر تنقید اپنی جگہ، تاہم بیرونی سازش یا جارحیت کی صورت میں قومی یکجہتی ضروری ہے۔ انہوں نے عمران خان کی ہدایات کو وفاقی نمائندوں کے سامنے پیش کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ افغانستان اور قبائلی علاقوں میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے قبائلی علاقوں کی عوام، افغان حکومت اور افغانستان کی عوام کی شمولیت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں بہتر پالیسیوں کے باعث ملک میں امن قائم ہوا تھا، تاہم رجیم چینج کے بعد حالات بگڑ گئے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ کشیدہ صورتحال تشویشناک ہے اور تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔
وزیر اعلیٰ نے وفاقی نمائندوں کو نیشنل جرگہ بنانے کی تجویز دی ہے، جس میں صوبائی و وفاقی حکومت کے نمائندے، قبائلی مشران اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین شامل ہوں تاکہ مسائل کے حل کے لیے مشاورت کا راستہ اختیار کیا جا سکے۔














