عمران خان کو پمز میں آنکھوں کے علاج کی دوسری خوراک دی گئی۔ طبی معائنے کے بعد انہیں اینٹی وی جی ایف انجیکشن دیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عمران احمد خان نیازی کو 24 فروری 2026 کو سینٹرل جیل اڈیالہ سے آنکھوں کے علاج کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا، جہاں انہیں اینٹی وی جی ایف انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔
پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے اعلامیے کے مطابق، معالجین کے بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کیا اور کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی کی، جن کے نتائج معمول کے مطابق آئے۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
مریض کی رضامندی کے بعد معیاری نگرانی میں انجیکشن آپریشن تھیٹر میں دیا گیا، جو کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ اور ویٹریو ریٹینل سرجن کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ ایک ڈے کیئر سرجری تھی اور عمران خان قبل از عمل، دوران عمل، اور بعد از عمل طبی طور پر مستحکم رہے۔ انہیں ضروری ہدایات اور فالو اپ مشورے کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔














