انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔ لاہور کی عدالت میں سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے واقعات سمیت 6 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
جج ارشد جاوید نے مقدمات پر سماعت کی، جبکہ عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر متعدد پی ٹی آئی رہنما اور کارکن عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق وفاقی وزراء فواد چودھری اور اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنی حاضری یقینی بنائی، عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم نے بھی ان مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب عدالت میں پیش نہ ہو سکے جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت انتظار میں رکھ لی۔ جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق علیمہ خان، عظمیٰ خان اور دیگر ملزمان کو واقعات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
یہ تمام مقدمات 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق ہیں جن میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔













