علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی جیل سے رہائی میں ناکامی پر نیت کی خرابی اور اندرونی مسائل کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی جیل سے رہائی میں ناکامی ہماری ناکامی اور نیت کی خرابی کو ظاہر کرتی ہے۔ علی امین گنڈاپور کے مطابق اگر اندرونی معاملات درست ہوتے تو عمران خان جیل میں نہ ہوتے، ملک میں قانون اور آئین کی عدم موجودگی کے ساتھ ہماری غلطیاں بھی شامل ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ انہیں اپنے لیڈر کے لیے غصہ ہے اور ہمیں دباؤ بڑھانا ہوگا، باتوں اور سوشل میڈیا پر دھمکیوں سے دباؤ نہیں بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو ڈاکٹر کی رسائی کا حق بھی نہیں دلا پا رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کو نہ کوئی ڈیل کی آفر ہے اور نہ ہی کوئی آپشن موجود ہے۔
علی امین نے مزید کہا کہ میں ایک ورکر ہوں اور احتجاج کی کال پر دو دفعہ سب سے بڑی ریلی لے کر آیا تھا۔ پی ٹی آئی کے بانی کے حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات نے بھی کہا کہ نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی کوئی ڈھیل ہے۔















