بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، سب متحد ہیں جبکہ علی امین گنڈاپور کے بیان کی عاطف خان نے تائید کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈاپور کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے، سب متحد ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کے لئے انفرادی اور اجتماعی طور پر کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے متنازعہ بیانات سے گریز کرنے کی تاکید کی اور ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بانی کی رہائی کے لئے کوششیں کیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما عاطف خان نے علی امین گنڈاپور کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بانی کو مکمل معلومات نہیں پہنچائی جاتیں اور فیصلے محدود معلومات کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے ایک ٹی وی پروگرام میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی بانی کی رہائی کے لئے کوششوں کی تعریف کی اور موجودہ قیادت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں کچھ بدنیت لوگ ہیں۔














