پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن کا دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کی جا رہی، سلمان اکرم راجا نے ذاتی معالج کی رسائی کا مطالبہ کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اپوزیشن اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر چوتھے روز بھی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کی جا رہی، عوام سے کچھ نہیں چھپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دوبارہ چیک اپ کا سنا ہے مگر رپورٹ سامنے نہیں آئی، اس لیے کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کی رسائی کا مطالبہ کیا، کہا کہ قوم کو اطمینان تب ہوگا جب بانی کا چیک اپ ذاتی معالج کریں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن نے خیبرپختونخوا ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز میں دھرنے ختم کردیئے ہیں، مگر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا جاری ہے۔ ارکان کو بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ کے سپریم کورٹ میں جمع ہونے کا انتظار ہے۔














