ندیم افضل چن نے نیٹ میٹرنگ پالیسی کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور نیپرا کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی سولر صارفین کے لیے نقصان دہ ہے اور عوام دشمن ہے، جسے فوری واپس لیا جانا چاہیے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ سولر انرجی استعمال کرنے والے صارفین نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے لیکن نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی ان کے حقوق کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو عوام کے ساتھ بڑا فراڈ قرار دیا اور کہا کہ وہ اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے۔
چن نے مزید کہا کہ سولر توانائی کے فروغ کے بجائے اس پالیسی سے عوام کو مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جو کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔















