جنوبی لبنان کے فلسطینی کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 13 افراد شہید، متعدد زخمی۔
بیروت: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی لبنان میں ایک فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں 13 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری جارحیت کی تازہ کارروائی کے تحت کیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق، حملے کے وقت اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے رفح اور خان یونس کے مختلف حصوں پر بھی فضائی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی تھیں جبکہ اس سے قبل مشرقی غزہ شہر پر بھی بمباری کی گئی تھی۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فورسز نے جنین، طوباس، بیت لحم اور الخلیل سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔ الخلیل کے قریب بیت عمر کے علاقے میں ایک گھر پر دھاوا بول کر اہل خانہ کو تشدد کرکے باہر نکالا گیا جبکہ جنین کے قریب الیامون میں ایک 14 سالہ لڑکے کو گولی مار دی گئی، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023ء سے غزہ پر مسلط اسرائیلی جنگ میں اب تک کم از کم 69,483 فلسطینی شہید اور 170,706 زخمی ہو چکے ہیں۔















