سلمان صفدرفرینڈ آف دی کورٹ مقرر، عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت

سپریم کورٹ نے سلمان صفدر کو عمران خان کی جیل تک رسائی دی تاکہ وہ جیل کی حالت پر رپورٹ جمع کرائیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سلمان صفدرفرینڈ آف دی کورٹ مقرر، عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت دی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کی روشنی میں تحریری جواب جمع کرایا گیا تھا، جس میں میڈیکل رپورٹ بھی شامل تھی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 24 اگست 2023 کے بعد کوئی آرڈر ریکارڈ پر نہیں جس پر عدالت نے اظہار اطمینان کیا ہو۔ عدالت نے سلمان صفدر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عمران خان کی جیل کی بیرک تک رسائی دی ہے تاکہ وہ جیل میں عمران خان کی حالت اور دستیاب سہولیات پر رپورٹ تیار کریں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سلمان صفدر اپنی تحریری رپورٹ 12 فروری تک جمع کرائیں۔ کیس کی سماعت بھی 12 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں