رانا ثنااللہ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل پر سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر مالک سے بات ہوسکتی ہے، لیکن دہشتگردوں سے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل پر سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر مالک سے بات چیت ہوسکتی ہے، لیکن دہشتگردوں سے مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔
رانا ثنااللہ نے عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے دو پہلو ہیں، ایک سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر مالک کا، دوسرا بشیر زیب وغیرہ کا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی کارروائیوں سے بلوچ عوام کا کوئی تعلق نہیں، اور فیصل آباد میں بلوچوں کا کاروبار پھل پھول رہا ہے۔ سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر مالک کی ضمانت پر ریاست اگر ان کے مطالبات پورے کرے تو وہ ہتھیار ڈالنے کو تیار ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ جعفر ایکسپریس سانحہ پر بھارتی میڈیا نے جشن منایا، جبکہ سردار اختر مینگل ایسے لوگوں کو نجات دہندہ نہیں مانتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے وسائل کی تقسیم سمیت این ایف سی ایوارڈ پر بات ہوسکتی ہے، اور مسائل حل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو مل جل کر بیٹھنا چاہیے۔















