بٹہمب کے تکنیکی نقص کے باعث 695 صارفین کو 40 ارب ڈالر کے بٹ کوائن غلطی سے منتقل ہو گئے، کمپنی نے 99.7 فیصد واپس حاصل کر لیے ہیں۔
سیول: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی کوریا کی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بٹہمب نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایک تکنیکی غلطی کے باعث صارفین کو 40 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائن غلطی سے منتقل کر دیے، جس کے نتیجے میں پلیٹ فارم پر عارضی طور پر شدید فروخت اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
کمپنی کے مطابق جمعہ کے روز ایک پروموشنل سرگرمی کے دوران 695 صارفین کو مجموعی طور پر 6 لاکھ 20 ہزار بٹ کوائن منتقل ہو گئے تھے۔ انتظامیہ نے 35 منٹ کے اندر متاثرہ اکاؤنٹس کی ٹریڈنگ اور رقوم نکلوانے کا عمل روک دیا۔
بٹہمب نے صارفین کو تقریباً 2 ہزار جنوبی کوریائی وون منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم غلطی سے ہر صارف کو اوسطاً 2 ہزار بٹ کوائن منتقل ہو گئے۔ کمپنی نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے اسے تکنیکی غلطی قرار دیا۔
بٹہمب کے مطابق غلطی سے منتقل ہونے والے 99.7 فیصد بٹ کوائن واپس حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ باقی نقصان کمپنی اپنے اثاثوں سے پورا کرے گی۔ اس دوران بٹ کوائن کی قیمت پلیٹ فارم پر مختصر وقت کے لیے 17 فیصد تک گر گئی۔
بعدازاں جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض صارفین نے گھبراہٹ میں فروخت کی، جس کے باعث نقصان اٹھانا پڑا۔ بٹہمب نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ صارفین کو مکمل قیمت کے فرق کے ساتھ اضافی 10 فیصد بونس بھی دیا جائے گا۔ مجموعی نقصان کا تخمینہ تقریباً 1 ارب وون لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بٹہمب نے اس واقعے کو کسی ہیکنگ یا سکیورٹی خلاف ورزی سے مکمل طور پر غیر متعلق قرار دیا ہے۔













