پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ کی وضاحت کے لیے آئی سی سی سے بات چیت کی۔ آئی سی سی نے وضاحت طلب کی اور بائیکاٹ کے اثرات پر بات چیت جاری ہے۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ کی وضاحت طلب کی ہے۔ میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا کہ بائیکاٹ کا فیصلہ حکومتی احکامات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان اس معاملے پر بات چیت جاری ہے اور عالمی ادارہ کسی حل تک پہنچنے کا خواہاں ہے۔
آئی سی سی نے پی سی بی سے کہا ہے کہ وہ وضاحت دیں کہ ناگزیر صورتحال(Force Majeure) کو ختم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے،جو کہ ارکان کی شرکت کے معاہدے کے تحت ضروری ہے۔ آئی سی سی نے ناگزیر حالات کے اطلاق کے اثرات کی بھی نشاندہی کی ہے۔
آئی سی سی نے باور کرایا ہے کہ بائیکاٹ پر عمل درآمد ہوا تو ادارہ ممکنہ مالی نقصانات کے دعوے کا حق رکھتا ہے۔ شدید خلاف ورزی کی صورت میں معطلی یا رکنیت کے خاتمے جیسے اقدامات بھی ممکن ہیں، تاہم ادارہ تصادم سے گریز چاہتا ہے۔
پی سی بی کے اندر یہ رائے پائی جاتی ہے کہ تنازع کی صورت میں اس کے پاس مضبوط قانونی مؤقف موجود ہے۔ اس ضمن میں ماضی کے ایک تنازع کا حوالہ دیا جا رہا ہے جو پی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان تھا، جہاں بھارتی حکومت کی اجازت نہ ملنے کو وجہ بنایا گیا تھا۔ دونوں فریقین بیک چینل مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔















