جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان لورا وولوارٹ نے انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچایا اور کئی ریکارڈز توڑ دیے۔
کیپ ٹاؤن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان لورا وولوارٹ نے انگلینڈ کے خلاف ویمنز ورلڈکپ سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی انفرادی ریکارڈز توڑ دیے۔ انہوں نے 169 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف فتح دلائی اور جنوبی افریقی ٹیم کو پہلی بار ویمنز ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچایا۔
لورا کی اس بہترین اننگز کی بدولت جنوبی افریقی ٹیم نے 50 اوورز میں 319 رنز بنائے، جو کہ ویمنز ورلڈکپ کی تاریخ میں جنوبی افریقا کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ یہ کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور بھی ہے۔
لورا وولوارٹ ویمنز ورلڈکپ کے ناک آؤٹ میچ میں سنچری بنانے والی پہلی کپتان بن گئیں جبکہ یہ کسی بھی کپتان کی جانب سے دوسرا بڑا انفرادی اسکور ہے۔ لورا ویمنز ون ڈے کرکٹ میں پانچ ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والی پہلی جنوبی افریقی کھلاڑی ہیں۔
ان کی اس اننگز نے ویمنز ورلڈکپ میں سب سے زیادہ مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ یہ کارنامہ جنوبی افریقی ٹیم کے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ وہ پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔













