لاہور ہائیکورٹ کے جج نے 27 ویں آئینی ترمیم کی سماعت سے معذرت کرلی، کیس کی فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواست پر جج نے سماعت سے معذرت کر لی۔ جسٹس چودھری محمد اقبال نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی فائل چیف جسٹس عالیہ نیلم کو ارسال کر دی۔
درخواست گزار منیر احمد اور دیگر کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد اظہر صدیق نے درخواست دی ہے، جس میں وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کا اصل اختیار ختم کر کے وفاقی آئینی عدالت بنا دی گئی ہے، جس سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ترامیم اسلامی دفعات، عدالتی خودمختاری اور بنیادی حقوق کے خلاف ہیں، اور صوبوں کی مشاورت کے بغیر کی جانے والی ترمیم آئینی ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ 27 ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے اور حتمی فیصلہ تک اس پر عملدرآمد روک دے۔














