گل پلازہ آتشزدگی، بروقت کارروائی نہ ہونے سے ہلاکتیں اور مالی نقصان بڑھ گیا

کراچی کے گل پلازہ میں آگ سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، تاخیر سے حالات بگڑ گئے۔ تاجروں نے فائر فائٹنگ میں تاخیر اور وسائل کی کمی کی شکایت کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
کراچی کے گل پلازہ میں آگ سے شدید نقصان، تاخیر نے حالات بگاڑ دیے

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتہ کی رات سوا 10 بجے لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں بعد قابو پایا جا سکا، تاہم تاخیر کے باعث جانی اور مالی نقصان میں نمایاں اضافہ ہوا۔ حکام کے مطابق اس سانحے میں 14 افراد جاں بحق، 22 زخمی جبکہ 65 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

آگ گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ آگ کی شدت کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے، جس سے فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

متاثرہ تاجروں اور مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر آگ لگنے کے فوری بعد مکمل نفری اور وسائل کے ساتھ کارروائی شروع کی جاتی تو ہلاکتیں اور نقصان کم ہو سکتا تھا۔ ان کے مطابق صدر فائر اسٹیشن قریب ہونے کے باوجود ابتدائی مرحلے میں مؤثر رسپانس نظر نہیں آیا، جبکہ فائر فائٹنگ آپریشن اتوار کی صبح پوری شدت کے ساتھ شروع ہوا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتہ کی رات کارروائی کے دوران فائر بریگیڈ کو پانی کی کمی کا سامنا رہا، جس کے باعث آگ پر قابو پانے میں تاخیر ہوئی۔ تاجروں نے یہ شکایت بھی کی کہ بعض واٹر باؤزرز میں ڈیزل کی کمی کے باعث گاڑیاں مکمل صلاحیت کے ساتھ استعمال نہ ہو سکیں، جس سے آپریشن مزید متاثر ہوا۔

متاثرہ تاجروں کے مطابق آگ کے نتیجے میں سینکڑوں دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں۔ بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت دکانوں میں عید کے لیے اسٹاک کیا گیا سامان موجود تھا، جو مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جس سے مالی نقصان کی شدت میں اضافہ ہوا۔

دیگر متعلقہ خبریں