وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عوامی مفاد میں مؤثر پالیسیوں کا عزم ظاہر کیا اور وفاق سے تعاون کی اپیل کی۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اس بار حکومت زیادہ مؤثر طور پر عمل کرے گی اور پالیسیاں عوامی مفاد میں بنائی جائیں گی۔
پشاور میں بیوٹی فکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور صوبے کا دارالخلافہ ہے اور اس کو خوبصورت ترین بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور نیٹ ہائیڈل پروفٹ میں صوبے کے 2200 ارب روپے بقایہ ہیں، جن میں سے 700 ارب قبائلی اضلاع کے ہیں اور 500 ارب ابھی بھی بقایہ ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ این ایف سی کا ہمارا شیئر 19.4 فیصد بنتا ہے، وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائے اور خیبرپختونخوا کے عوام سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار زیادہ ڈیلیور کرنے کا ارادہ ہے، قانون میں کسی کو استثنیٰ نہیں دیا جائے گا، اور پالیسیاں عوامی مفاد میں بنائی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ عوام مطمئن رہیں، حکومت سیاسی جدوجہد سے بانی کے وژن کے مطابق کام کرے گی۔














