پاکستان کے ڈالر بانڈز 24.5 فیصد منافع کے ساتھ ایشیا میں سرفہرست رہے، عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ میں اقتصادی بہتری کی تصدیق۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عالمی مالیاتی جریدے بلومبرگ کی تازہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے ڈالر بانڈز اس سال 24.5 فیصد منافع کے ساتھ ایشیا میں سرفہرست رہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی خوش آئند ہے، جس سے ملک کی بین الاقوامی قرضہ جاتی مارکیٹ میں واپسی کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔
بلومبرگ نے کہا ہے کہ مارکیٹ رسائی ملنے سے ری فنانسنگ کا خطرہ کم ہو جائے گا۔ اگر اصلاحات جاری رہیں تو بانڈز کی بڑھوتری برقرار رہے گی۔ بھارت اور افغانستان سے کشیدگی اور توانائی کی قیمتوں کو ممکنہ خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان کا اس سال یوآن بانڈز اور 2026 میں یورو بانڈز کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں دوبارہ داخل ہونے کا منصوبہ ہے، جس سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔
عالمی معاشی ماہرین کے مطابق، آئندہ 6 سے 12 ماہ میں پاکستان کے عالمی مالیاتی درجہ بندی میں مزید بہتری اور عالمی مارکیٹ تک مستحکم رسائی، ملک کی معاشی بحالی میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ دوسری جانب، عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں ایس اینڈ پی گلوبل اور فچ ریٹنگز نے بھی پاکستان کی معاشی سمت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی کریڈٹ ریٹنگ میں اپ گریڈ کی ہے۔














