پشاور ہائیکورٹ کا سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی

پشاور ہائیکورٹ نے سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی، عدالتی حکم کے مطابق یہ عمل قومی خزانے کا ضیاع ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کے سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف ریلیوں، جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری مشینری کا استعمال کرتی ہے۔ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری ملازمین اور وسائل کا استعمال بھی کیا جاتا ہےجبکہ  احتجاج میں استعمال ہونے والی صوبائی حکومت کی مشینری ابھی بھی وفاق کے قبضے میں ہے۔

عدالت نے اپنے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال نہ کیا جائے۔ عدالت کے مطابق سرکاری وسائل کا استعمال آئین کے آرٹیکل 4، 5 اور 25 کے خلاف ہے اور یہ قومی خزانے کا ضیاع ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ ریاست کو سرکاری اور سیاسی تقریبات میں تفریق کرنی چاہیے کیونکہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں