پی ایس ایل فرنچائز ویلیوایشن مکمل، دو نئی ٹیموں کے لیے شہروں کے نام پیش

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فرنچائزز کی ویلیوایشن مکمل کر لی ہے، اور دو نئی فرنچائزز کے لیے شہروں کے نام تجویز کیے ہیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ پی سی بی نے اگلے دس برس کے لیے نئی فیس کے ساتھ فرنچائز معاہدوں کی تجدید کی پیشکش تمام اہل فرنچائزز کو بھیج دی ہے، اور انہیں مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔

پی سی بی نے فرنچائز کے نمائندوں اور چارٹرڈ فرم ای وائے مینا کے درمیان ملاقاتوں کا انتظام بھی کیا ہے تاکہ معاہدوں کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان ملاقاتوں میں فرنچائزز کے مالکان کو ویلیوایشن کے طریقہ کار کا جائزہ لینے اور سوالات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔

پی سی بی کو ای وائی مینا کی جانب سے دو نئی پی ایس ایل فرنچائز ٹیموں کی ممکنہ قیمت کے بارے میں رپورٹس موصول ہو چکی ہیں۔ ان ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل جلد شروع ہوگا، اور نئی ٹیموں کے لیے حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔

پی سی بی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے شراکت داروں کے ساتھ منصفانہ اور شفاف تعلقات برقرار رکھے جائیں گے، کیونکہ یہ لیگ پاکستان کرکٹ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں