اسحاق ڈار کا دورہ چین، سی پیک میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسحاق ڈار کے دورہ چین میں پاک-چین اقتصادی راہداری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

بیجنگ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دورہ بیجنگ کے دوران پاکستان اور چین نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے کامیاب اجلاس پر مبارکباد دی۔ دونوں فریقین نے پاک-چین دوطرفہ تعلقات اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو بھرپور انداز میں منانے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شوئے شیانگ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک-چین ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا گیا۔

اسحاق ڈار نے ملائیشیا، بنگلہ دیش اور مصر کے وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔

خیال رہے کہ اسحاق ڈار چین کے دورے پر ہیں جہاں وہ ساتویں پاک-چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔

دیگر متعلقہ خبریں