وینزویلا پر امریکی بمباری کے خلاف روس، ایران، کیوبا اور کولمبیا کا شدید ردِعمل، خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ۔
کاراکاس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وینزویلا کے فوجی اڈوں پر امریکی بمباری کے بعد روس، ایران، کیوبا اور کولمبیا نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان ممالک نے اسے وینزویلا کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روس نے امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے خلاف مسلح جارحیت تشویشناک ہے اور ان اقدامات کے جواز بے بنیاد ہیں۔ روسی وزارتِ خارجہ نے مکالمے کے ذریعے مسائل کے حل کی تجویز دی ہے اور خطہ کو پُرامن رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران، کیوبا اور کولمبیا نے بھی امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے امریکی موقف کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔
کیوبا نے امریکی حملوں کو مجرمانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی برادری نے سفارتی ذرائع سے مسئلے کے حل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔











