محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کی کاپی پھاڑ دی جبکہ اسپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کی۔
بدھ کے روز قومی اسمبلی میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے دوران محمود خان اچکزئی نے بل کی مخالفت میں احتجاجاً کاپی پھاڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فارم 47 پر قائم ہوئی ہے اور ایسی پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا اختیار نہیں دیا جا سکتا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت نے مذاکرات کی دعوت دی ہے اور میں بھی مذاکرات کے لیے تیار ہوں۔ محمود اچکزئی نے جواب دیا کہ آپ عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔
اُدھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومتی ترامیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ نواز شریف کی متوقع آمد پر انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی سیاست سے غیر متعلق ہو چکے ہیں۔
حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ منظوری کے بعد یہ ترامیم سینیٹ کو بھیجی جائیں گی تاکہ حتمی منظوری حاصل کی جا سکے۔















